قیمتی لوگ یوں رخصت ہو رہے ہیں جیسے تسبیح ٹوٹی اور دانے ٹپ ٹپ زمین پر ۔۔۔



کل ابھی نسیم صدیقی مرحوم کو دکھ سے رخصت کیا اور آج عزیر لطیف صاحب کی خبر دل کو تکلیف سے بھر گئی۔۔
کیا خوبصورت اور بھلا آدمی تھا وہاں دور پیارے جاوید اقبال بلوچ صاحب کے فورٹ منرو میں گھنٹوں نشستیں رہیں خوشگوار ٹھنڈے ماحول میں وہ نظریاتی سانچوں میں ڈھلا بھلا آدمی ٹہر ٹہر کر بولتا رہا اور میں سنتا رہا پھر اٹھا اور عمر کے کسی فرق کا لحاظ کئے بغیر محبت اور بے تکلفی سے کہنے لگا آئیں منصوری صاحب آپ کو یہاں کی مشہور سجی کھلاتے ہیں بے تکلفی سے ہاتھ تھاما اور بازار کی طرف چل دئیے گرمی کے دنوں اس یخ بستہ قصبے میں چادر اوڑھ کر سردی سے بچتے ہوٹل پہنچے ۔۔۔مزیدار سجی  کی بوٹیاں کھاتے ہوئے وہ بولا زندگی گزر گئی اس دشت کی سیاحی میں بہت سے نشیب و فراز دیکھے بس اللہ اس حالت میں اٹھا لے کہ ایمان دل میں ہو اور جسم جدو جہد کے کسی میدان میں ۔۔۔
اور پھر اللہ نے اس کی مراد پوری کر دی وہ اپنی قسم پوری کرکے جدوجہد کے ایک میدان سے عزت کے ساتھ بلا لیاگیا اور ان کو جو ابھی اپنا عہد وفا آخری سانس تک نبھانے کی کوشش میں ہیں یہ پیغام دے گیا کہ 
جسم کی اس سواری کے سوارو! 
اس دنیا ہی کے ہو کر نہ رہ جانا ،بیلوں کی دُم پکڑ کر ہی نہ رہ جانا، خوب سے خوب تر ، میں میرا مجھے کی دوڑ میں نہ لگ جانا ،زیادہ سے زیادہ کی طلب میں نہ پڑ جانا کہ موت کا فرشتہ گھات لگائے کھڑا ہے اپنے رب کے حکم کا منتظر ہے اور اس رب کی فوجیں وہ کرونا ہو یا ٹریفک کا حادثہ بس بہانہ بننے کو تیار ہیں ۔۔۔
عزیز لطیف صاحب ہم آپ کے لئے گواہی دیتے ہیں کہ یہ بندہ دو عالم سے خفا تیرے لئے تھا 
ہم سب اللہ کے سامنے جرگہ لے کر پیش ہوتے ہیں کہ مولا اسے معاف کر دے یہ آدمی دامے درمے سخنے قدمے گرتے پڑتے بس تیری ہی راہ پر چلتا رہا

اور میرے مولا جب ہمارا دم واپسیں ہو تو ہمیں بھی ایسےسفارشی ایسے جرگہ لے کر آنے والے عطا کرنا

#خودکلامی۔۔۔زبیر منصوری

تبصرے

Contact Us

نام

ای میل *

پیغام *

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

جماعت اسلامی کو لوگ ووٹ کیوں نہیں دیتے؟

میں کون ہوں؟